لاہور: ترجما ن لیسکو کے مطابق بجلی چوری کی روک تھام کیلئے پانچوں اضلاع میں سکیننگ میٹر نصب کئے گئے ہیں-
باغی ٹی وی : سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکو ریجن میں بجلی چوری کی روک تھام اور نادہندگان سے ریکوری کا سلسلہ جاری ہے، چیف انجینئر آپریشن سرور مغل اور کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر کی زیرِنگرانی بجلی چوری کی روک تھام کے لیے لیسکو کے پانچوں اضلاع میں سکیننگ میٹرلگائے گئے ہیں تاکہ بجلی چوری/ زیادہ لاسز والے علاقوں کی نشاندہی کر کے اس پر کنٹرول کیا جاسکے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق جن علاقوں میں بجلی چوری /زیادہ لاسزہیں ان علاقوں میں اے بی سی کیبلز بچھائی جا رہی ہیں تاکہ جو بجلی چور ڈائریکٹ کنڈے لگاتے ہیں یا تاروں کو ٹمپرڈ کر کے بجلی چوری کرتے ہیں ان سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں بجلی کے جاری بحران پر قابو پانے کے لیے بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، اس خصوصی مہم میں غیر قانونی کنکشن،خراب میٹرز،نادہندگان اور دیگر بجلی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
محکمہ پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام کے مطابق گلگت بلتستان بھر میں شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں 24 گھنٹے شہریوں کی شکایات پر ان کا ازالہ کیا جاتا ہے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار مرزا نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اس ضمن میں تمام وسائل کو برؤے کار لاتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائیں۔








