مستقبل میں کیسے مل کرآگے بڑھنا ہے؟ کابل میں پاک-افغان امن منصوبے کا دوسرا جائزہ اجلاس کل ہوگا

0
42

کابل:مستقبل میں کیسے مل کرآگے بڑھنا ہے؟ کابل میں پاک-افغان امن منصوبے کا دوسرا جائزہ اجلاس کل ہوگا،اطلاعات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاک-افغان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سولیڈیرٹی کا دوسرا جائزہ اجلاس کل ہوگا۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 31 اگست کو اے پی اے پی پی ایس کا دوسرا جائزہ اجلاس ہوگا جہاں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کریں گے۔اعلامیے کے مطابق کابل میں ہونے والے اجلاس میں افغانستان کی نمائندگی نائب وزیرخارجہ میروائس نائب کریں گے۔

خیال رہے کہ اے پی اے پی پی ایس کا قیام 2018 میں عمل میں آیا تھا اور اس کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے قانونی فریم ورک تیار کرنا تھا۔دونوں ممالک کے درمیان پہلا جائزہ اجلاس 10 جون 2019 کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فریم ورک 5 ورکنگ گروپوں پر مشتمل ہے، جوسیاسی-سفارتی، فوجی سے فوج کا رابطہ، خفیہ اطلاعات میں تعاون، معاشی اور مہاجرین کے مسائل پر توجہ دیں گے۔

دفترخارجہ کے مطابق دوسرے جائزہ اجلاس میں پانچوں ورکنگ گروپ گزشتہ فیصلوں اور اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیں جبکہ مزید آگے بڑھنے کے حوالے سے بات کی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اے پی اے پی پی ایس ایک ایسا فورم ہے جہاں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی اعتماد کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ اے پی اے پی پی پی ایس کے طریقہ کار کو مؤثر انداز میں استعمال میں لانا ضروری ہے تاکہ مشترکہ اہداف، استحکام، خوش حالی اور ترقی کو حاصل کیا جائے۔

یاد رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپریل میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ دوطرفہ روابط کے فریم ورک اے پی اے پی پی ایس کو دوبارہ تقویت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو گزشتہ 10 ماہ سے غیر فعال تھا۔

Leave a reply