اسلام آباد :اسلام آباد میں دفعہ 144:معاملات مزید بگڑنے لگے،اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا۔ ریڈزون کے باہر ایک کلومیٹر تک کے رقبے کو بھی ریڈزون میں شامل کردیا گیا ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈزون میں ایمبیسی روڈ، ساؤتھ یونیورسٹی روڈ، خیابان اقبال،شاہراہ سہروردی، سیرینا چوک، ڈھوکری چوک، شامل ہیں۔ دیگر علاقوں میں مری روڈتھرڈ ایونیو، خیابان اقبال کا ساؤتھ ایریا، چائنہ ایمبیسی کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو ریڈزون میں ہمہ وقت ریڈالرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریڈزون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، دفعہ 144 کو مزید دوماہ کیلئے لاگو کردیا گیا۔
ادھر وزیرداخلہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کارکنوں کی سندھ ہاؤس میں داخلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی افسوس ناک بات ہے، یہ پولیس کی کوتاہی ہے اور آئی جی سے کہا ہے کہ ان سب کوگرفتار کریں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کوتاہی اور غیرذمہ داری کی ہے، ان کے خلاف نوٹس لیں، ابھی تو 20 سے 25 دن ہیں، اگر ملک اسی طرح آگے چلتا رہا تو کل پرسوں او آئی سی ہے تو پتہ نہیں کیا ہوگا، یہ تو ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی تو ایک ہزار رینجرز اور طلب کیے اور ملک میں حالات اور زیادہ خراب ہوئے تو 10 سے 15 دن بعد 245 کے تحت فوج بھی طلب کرسکتے ہیں کیونکہ ملک کی سالمیت کا مسئلہ ہے۔