سیکورٹی اداروں کی زبردست کارروائی :صحافی اطہر متین کا مبینہ قاتل بلوچستان سے گرفتار

0
29

کراچی :سیکورٹی اداروں کی زبردست کارروائی :صحافی اطہر متین کا مبینہ قاتل بلوچستان سے گرفتار،اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں پولیس و حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں قتل ہونے والے صحافی اطہرمتین کے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس اور حساس اداروں نے خضدار کے علاقے کھنڈ اور کھٹان میں چھاپےمارے اور خاتون کے لباس میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مبینہ قاتل عابدامین کو پکڑ لیا۔

کراچی پولیس اور حساس اداروں نےعابدامین سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا ہے جب کہ قاتل گینگ کا سرغنہ کھنڈ کے علاقے میں پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔

اس سے قبل صحافی اطہر متین کے قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے پولیس نے جیو فینسنگ کے عمل کا آغاز کیا تھا، پولیس نے واقعے کے قریب لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کے فرار کا روٹ میپ تیارکیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس ٹیم ایک ایس پی کی سربراہی میں آج چھاپہ مار کارروائی کیلیے خضدار پہنچی تھی، ملزم عابد خاتون کے روپ میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

کراچی پولیس ٹیم نے بلوچستان کی مقامی پولیس کے تعاون سے چار مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جن میں کنڈھ، کٹھان اور سول کالونی کے علاقے شامل ہیں۔

دوسرے مبینہ ملزم کی گرفتاری کیلیے جب پولیس کٹھان پہنچی تو وہ فرار ہوگیا جبکہ عابد ولد امین کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقتول سینئر صحافی کے قتل میں براہ راست ملوث ہے۔

خضدار کے مختلف علاقوں سے تین مزید ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کے نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں۔تینوں گرفتار ملزمان اور ملزم عابد کو کراچی پولیس اپنی تحویل میں لے چکی ہے۔

خیال رہے کہ صحافی اطہر متین کو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، اطہر متین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر لوٹ رہے تھے۔

بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی۔

Leave a reply