راولپنڈی:شمالی وزیرستان، باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ،اطلاعات کے مطابق باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں امن دشمنوں کیخلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے کمانڈر سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد غفور عرف جلیل مولوی فقیر محمد کا قریبی ساتھی تھا، دہشتگرد غفور کئی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث تھا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا۔
دوسری طرف آئی ایس پی آر مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں کلیئرنس آپریشن کیا،اس دوران دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کو محمد خیل گاؤں سے ویزدہ سار کی جانب بھاگتے دیکھا گیا، فرار ہوتے دہشتگردی فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ہلاک ہو گئے۔