کوئٹہ :زیارت میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے زیارت کے علاقے خوست خلافت کی پہاڑیوں میں ریکوری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے ایک ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نشاندہی پر ان کے خلاف آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے حولدار خان محمد شہید ہوگئے ۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے زیارت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو اغوا کے بعد شہید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو 12 اور 13 جولائی کی رات زیارت کے قریب سے اغوا کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ اور ان کے کزن کے اغوا کی اطلاع پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورس روانہ کی گئی جس نے دہشت گردوں کا پیچھا کر کے ان کا منگی ڈیم کے پاس موجودگی کا سراغ لگایا۔