لاہور: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردی کرنے والے 6 ملک دشمنوں کو ہلاک کر ڈالا۔ اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

 

 

یاد رہے کہ آئی ایس پی آر نے 5 فروری کو تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔

بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے، ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی آج جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے

Shares: