سیکورٹی ادارے کروناسے بچاو کے لیئے کوشاں اورچند لوگوں نے تماشا بنا رکھا ہے، اپنا نہیں تواپنے گھروالوں کا ہی خیال رکھ لیں ، پولیس
لاہور: سیکورٹی ادارے کروناسے بچاو کے لیئے کوشاں اورچند لوگوں نے تماشا بنا رکھا ہے، اپنا نہیں تواپنے گھروالوں کا ہی خیال رکھ لیں ، پولیس،اطلاعات کے مطابق پولیس نے بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے پر 403 شہریوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں
سی سی پی او ذوالفقار حمید نے خبردار کیا کہ شہری بلاوجہ گھروں سے باہر آئے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی، کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لئے گھروں میں ہی رہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سیکورٹی ادارے عوام کی جان مال اورصحت کے لیے اپنی جانوں کوخطرے میں ڈال کرکوشاں ہیں مگرافسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ لوگوں نے اسے تماشا بنا رکھا ہے ،انہوںنے کہا کہ ان سے پوچھیں کہ جن کے کسی عزیز کو کرونا وائرس کا مرض لاحق ہوا تواس ایک شخص کی وجہ سے سارے گھروالے کس آزمائش میں ہیں
لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے لاک ڈاؤن میں مجموعی طور پر 25632 گاڑیوں کو چیک کیا جن میں 15056 موٹرسائیکلز، 4262 رکشے، 4075 کار اور 557 ٹیکسیاں شامل ہیں۔سی سی پی او ذوالفقار حمید کی ہدایت پر لاہور میں 229 پولیس ناکے لگائے جہاں پر 35376 افراد کی چیکنگ کی گئی۔
وارننگ کے باوجود گھروں سے باہر آنے والے 403 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 33571 افراد کو پولیس نے وارننگ دے کر چھوڑ دیا اور 1394 افراد سے آئندہ حکومتی ہدایات کی پاسداری کے حلف نامے لئے۔علاوہ ازیں سی سی پی او لاہور نے گڈز ٹرانسپورٹ میں شہریوں کی نقل و حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ایس ایچ اوز اور ناکہ انچارج کو گڈزٹرانسپورٹ کو چیک کرنے کی ہدایت کی۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں سواریاں لے جانے والی ٹرانسپورٹ کو تھانے میں بند کرکے مقدمہ درج کیا جائے اور سواریوں کو بھی گرفتار کیا جائے، گزشتہ روز بھی راوی روڈ پولیس نے ٹرک میں شہر سے باہر فرار کی کوشش میں درجنوں افراد گرفتار کیے تھے۔