وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے تاریخ کی بدترین تباہی ہوئی، 30 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، عالمی برادری تعاون کرے۔
غیر ملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث 3کروڑ پچاس لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، اب تک 1500سے زائد اموات ہوئیں،موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔ بلاول بھٹو نےکہا کہ پاکستان کو تقریبا ً 30ارب ڈالر امداد کی ضرورت ہے،سیلاب کے بعد صحت اور خوراک جیسے بحرانوں کا سامنا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر پر غیر قانونی قابض ہے،بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019کو بھارت نے یکطرفہ غیر قانونی اقدام اٹھایا،جموں و کشمیر کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی اقوم متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے،بھارت نے کشمیر میں مسلم اکژیت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نےکہا کہ بھارت کی اسلاموفوبیا پر پالیسی کی وجہ سے مسلمان وہاں غیر محفوظ ہیں،بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقلیتوں پر بھی ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا بھارت سیکولر نہیں جیسا کے ان کے بانی رہنما چاہتے تھے،بھارت کے ساتھ اس وقت کسی قسم کے رابطے میں نہیں ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان اکیلے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے سے قاصر ہے،پوری دنیا کو ساتھ کھڑا ہوناہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے نیویارک سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے، انہیں سیلاب کی تباہ کاری سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا اور انہوں نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
صدر ورلڈ بینک کو کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام پر بھرپور عملدرآمد کرےگا، انہیں بتایا کہ اکیلے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے سے قاصر ہیں،پوری دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوناہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے احسن اقبال کو اسپورٹس کمپلیکس ریفرنس سےبری ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک جھوٹے کیس میں پھنسانے کی کوشش کی گئی۔








