اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں تھانہ سیت پور کے علاقے میں گونگی بہری بچی سے گینگ ریپ، ملزمان کو سخت سزا دینے کا عزم

تفصیل کے مطابق ڈی پی او مظفر گڑھ سید حسنین حیدر نے تھانہ سیت پور کے موضع گھری میں گونگی بہری بچی سے گینگ ریپ کرنے والے ملزمان کو سخت سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیت پور میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے بچی کے ساتھ یہ ظلم کیا ہے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔

بچی کے والد منور حسین کلاچی، جو کہ موضع گھری کے رہائشی ہیں، نے روتے ہوئے ضلعی پولیس آفیسر سے اپنی بیٹی کے لیے انصاف کی اپیل کی۔ ڈی پی او نے ان کی بات پر یقین دہانی کرائی کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

کھلی کچہری میں دیگر متاثرہ افراد نے بھی ڈی پی او کو درخواستیں پیش کیں، جن پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس موقع پر گزشتہ ماہ سیت پور شہر میں خواجہ امیر بخش کے دو لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی پر پولیس افسران کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔

تقریب میں ڈی ایس پی علی پور میاں فیاض الحق، ایس ایچ او سیت پور رانا شہروز خاں اور دیگر معززین شہر موجود تھے۔

Shares: