ٹی وی کے سینئر اداکار ”تنویر جمال “ جنہوں نے کئی سال تک ڈرامہ شائقین کے دلوں پر راج کیاہے ،ہر دلعزیز یہ فنکار کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں ، علاج کی غرض سے انہیں جاپان لیجایا جا چکا ہے ان کے گھر والوں نے ان کے چاہنے والوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔ گزشتہ برس بھی ان کے کینسر میں مبتلا ہوجانے کی خبریں عام ہوئیں تو ان کی فیملی کی طرف سے تصدیق نہیں ہو سکی تھی کہ آیا ان خبروں میں کتنی سچائی ہے لیکن اس بار جب تنویر جمال کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں تو ان کے اہلخانہ نے نہ صرف ایسی خبروں کی تصدیق کی ہے بلکہ دعاﺅں کی اپیل بھی کر دی ہے۔تنویر جمال کی بیماری کی خبر سن کر نہ صرف پرستار بلکہ ان کے ساتھی فنکاروں کے ساتھ شوبز انڈسڑی سے جڑے تمام لوگ افسردہ ہیں اور ان کی صحت کےلئے دعا گو ہیں۔
واضح رہے کہ تنویز جمال کا نوے کی دہائی میں ڈنکا بجتا تھا ،ہوٹلنگ کے شعبے سے وابستہ اس فنکار نے پی ٹی وی کے سنہرے دور کے کئییادگارڈراموں میں کام کیا ۔تنویر جمال نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ میں نے جس لڑکی سے شادی کی اس نے میری خاطر اسلام قبول کیا ،
تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ جاپان میں مقیم ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں تھوڑے عرصے کے بعد جاپان جانا پڑتا ہے ۔ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جبکہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے