سابق طالب علم رہنما سینئر وکیل شمس الدین خالد ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ پیر کو بعد نماز فجر مسجد اقصیٰ گلشن اقبال بلاک 13میں ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، مرحوم کے بھائی سینئر صحافی مسعود انصاری ،صاحبزادے عمر مصطفیٰ انصاری ، احمد انصاری ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ضلع شرقی کے نائب امیر عزیز الدین ظفر ، ضلع گلبرگ کے نائب امیر سید احمد ، جمعیت الفلاح کے سیکریٹری قمر خان ، جوائنٹ سیکریٹری سلیم قریشی ، اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد ، الخدمت کے عنایت اللہ اسماعیل ،منظر عالم ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے شہزاد مظہر ، ندیم اقبال ایڈوکیٹ ، عزیز و اقارب ، احباب اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،بعد ازاں ان کی محمد شاہ قبرستان میں تدفین ہوئی ، شمس الدین خالد ایڈوکیٹ زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ اور طلبہ سیاست میں انتہائی متحرک رہے اور جامعہ کراچی کی طلبہ یونین کے صدر بھی منتخب ہوئے ۔
وہ اسلامک لائرز موومنٹ کے صدر ، جمعیت الفلاح اور فاران کلب کے سیکریٹری رہے اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے تھے ۔اس کے علاوہ وہ پاکستان ووکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن (وی ٹرسٹ) ٹرسٹ کے ٹرسٹی بھی تھے ۔ اردو انگریزی کے اچھے مقرر ، جمعیت الفلاح کے بین الااقوامی ماہنامہ جریدے ، وائس آف اسلام سے بھی وابستہ رہے ، عبد الستار افغانی مرحوم کی میئر شپ کے دوران قانونی مشیر ، روزنامہ جسارت کے چیف رپورٹر اور انگریزی ادب کے استاد رہے ۔
دریں اثناء شمس الدین خالد ایڈوکیٹ کے انتقال پر نائب امراء برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی ،عبد الوہاب،ڈاکٹر واسع شاکر،مسلم پرویز،راجا عارف سلطان، انجینئر سلیم اظہر ، محمد اسحاق خان و دیگر نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت ،لواحقین وپسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے ۔

Shares: