تحریک انصاف کے رہنما اور بغاوت کے لئے اکسانے کے مقدمے میں زیر حراست شہباز گل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ہے.
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیرحراست تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل شہباز گل فیصل چوہدری اور پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ اخراج مقدمہ کی درخواست ہے، اخراج مقدمہ سے متعلق 2012 کا سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ بھی ہے، آپ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو دیکھ لیجئے گا.
شہبازگل کے وکیل شعیب شاہین نے شہباز گل کے ٹرانسکرپرپٹ کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہائی کورٹ آرڈر کی مصدقہ نقول بھی فراہم کی جائیں۔
جبکہ پراسیکیوشن نے بھی اضافی دستاویزات جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ میں اگلے دو ہفتے دستياب نہیں ہوں۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
دوسری جاب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما شہباز گِل کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں آج اسلام آباد کچہری میں پیش کیا جانے کا مکان ہے.
پولیس شہباز گِل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں آج پیش کرے گی۔ عدالتی حکم کے مطابق شہباز گِل کو آج 1 بجے سے پہلے عدالت میں پیش کرنا ہے۔ شہباز گل کے پارلیمنٹ لاجز کے کمرے سے اہم دستاویزات ملنے کا انکشاف ہوا تھا.
واضح رہے کہ شہباز گِل کی آج اسلام آباد کچہری میں پانچویں پیشی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق شہباز گِل سے اہم دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گِل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے سیٹلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیاء برآمد کی گئی تھیں۔