شدید دھند؛ فضائی اور ریلوے آپریشن متاثر ہونے سے مسافر پریشان

ملک میں شدید دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا نظام شدید درہم برہم ہوگیا، جس کی وجہ سے مسافر سرد موسم میں انتظار کی کوفت اٹھانے پر مجبور ہیں۔

لاہور کے علامہ اقبال ائرپورٹ پر شدید دھند کا راج برقرار ہے، جس کےکی وجہ سے کئی ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں جب کہ رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

ائرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے استنبول جانے والی  پرواز ٹی کے 715، استنبول سے آنے والی ترکش ائرلائن کی پرواز ٹی کے 714، مسقط جانے والی اومان ائرلائن کی پرواز  ڈبلیو وائے 342 منسوخ ہو گئیں جب کہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 740 کل جمعرات کو صبح ساڑھے 4 بجے آپریٹ کروائی جائے گی۔

دریں اثنا دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 203 دس گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی۔ دبئی سے آنے والی دوسری پرواز پی کے 204 کو کل جمعرات کو صبح 4 بجے آپریٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں لاہور سے کراچی جانے والی ائرسیال کی پرواز پی ایف 146 اور کراچی سے لاہور آنے والی ائرسیال کی پرواز پی ایف 145منسوخ کردی گئیں۔

دوسری جانب شدید دھند کی وجہ سے ٹرین آپریشن بھی 7 سے 8 گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث شدید سردی میں مسافر ریلوے اسٹیشنوں پر موسم کی شدت سے بے حال ہیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 7 گھنٹے ، پاکستان ایکسپریس 8گھنٹے، تیزگام ایکسپریس 6 گھنٹے ، رحمان بابا  ایکسپریس 6 گھنٹے  اور ملت ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

علاوہ ازیں  علامہ اقبال ایکسپریس5،  خیبر میل ایکسپریس 5، کراچی ایکسپریس 4، قراقرم ایکسپریس3، جعفر ایکسپریس 4 اور فرید ایکسپریس 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد اور روانگی کا صیح وقت  جاری نہ ہونے سے مسافروں کو شدید سرد موسم میں پلیٹ فارموں پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑرہا ہے۔

Comments are closed.