اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر شفقت محمود کو بطور وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ کام سے روکنے اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس ڈاکٹر فوزیہ سعید کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے.
جسٹس حسن اورنگزیب کی عدالت سے جاری سماعت کے تحریری حکم نامہ میں وفاقی وزیر شفقت محمود،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سیکرٹری قومی ورثہ، نیب اور فوزیہ سعید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ درخواست گزار شہری عبداللطیف قریشی نے موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی وزیر کو ایم پی ون سکیل میں تعیناتی کا اختیار نہیں.
ڈاکٹر فوزیہ سعید کے لئے وضع کردہ معیار پر پورا نہیں اترتی اور چیئرمین پی این سی کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے. قومی تاریخی اور ادبی ورثے کا ادارہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے قومی تاریخی و ادبی ورثہ کا وفاق کا ادارہ ختم کرکے شفقت محمود کو کام سے روکا جائے اور چیئرمین پی این سی کی غیر قانونی تعیناتی پر شفقت محمود کا کیس نیب کو بھیجا جائے.