وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی تازہ صورت پر بین الاقوامی برادری سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب تلک ماراپانا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور ان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متعلق آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم ونسٹن پیٹر سے ٹیلی فونک رابطہ
شاہ محمود قریشی نے تلک مارا پانا کو بتایا کہ بھارت نے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنا چاہتا ہے۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ عالمی میڈیااورعالمی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ 5اگست سے مقبوضہ کشمیرکے نہتے مسلمانوں کومسلسل کرفیو کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم ونسٹن پیٹر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا جس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔