اسلام آباد: پاکستان فلسطینیو ں کے لیے میدان میں آگیا:شاہ محمود کا چینی، سوڈانی، مصری ہم منصب کیساتھ رابطہ، مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا چینی ، سوڈانی اور مصری ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، رابطے کے دوران دو طرفہ تعلقات، فلسطین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود نے چینی ہم منصب چینی ہم منصب کو فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے شدید خطرے کا باعث قرار دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسجد اقصٰی میں عبادت میں مصروف نمازیوں پر حملہ اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل، اسرائیلی جارحیت کے سدباب اور نہتے فلسطینیوں کو بربریت سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو فوری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو فلسطین کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عالمی برادری کے ساتھ جاری روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے چینی وزیر خارجہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کیا
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، پرامن، خودمختار اور مستحکم افغانستان کا حامی ہے۔ پاکستان، افغان قیادت میں افغانوں کو قبول جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے دیرپا حل کا متمنی ہے۔
وزیر خارجہ نے چین کے ایکسپلوریشن مشن کی مریخ پر کامیاب لینڈنگ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چینی خلائی مشن کی مریخ پر لینڈنگ ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کی تاریخی کامیابی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے چینی وزیرخارجہ کیساتھ کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود نے پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے چین کی مسلسل معاونت اور ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی پر چینی قیادت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف سوڈان کی وزیر خارجہ مریم الصادق المہدی نے وزیر خارجہ شاہ محمود کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کی نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزیر خارجہ نے سوڈانی ہم منصب کو فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم رکوانے اور عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کیلئے عالمی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔
مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود کا مصری ہم منصب سمیع حسن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں فلسطین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسجد اقصیٰ پر حملے اور ظالم اسرائیل کی طرف سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیر خارجہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ثالثی کی کاوشوں پر مصر کو سراہا اور اتوار کو ہونے والی او آئی سی میٹنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔مصری وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو ثالثی سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ خطے میں امن کیلئے کوششوں پر پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔