وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔زین قریشی نے ایک بیان میں دوسری بار کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں دوسری بار کورونا وائرس کاشکار ہوا ہوں، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ دوسری بار کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال بھی تشویشناک ہے اور سنجیدگی کی متقاضی ہے۔

پی ٹی آئی ایم این اے نے مزید کہا کہ مجھے ہلکا بخار اور سردرد ہے، کورونا وائرس کی تیسری لہر سنجیدگی کی متقاضی ہے۔زین قریشی نے عوام سے محفوظ رہنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی بھی اپیل کی ہے۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ فی الحال انہیں کورونا کی تمام دیگر علامات کے ساتھ ہلکا بخار اور سر درد ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل زین قریشی کے والد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

Shares: