شاہ رخ نے گوری خان سے شادی پرکیا خاص بات کی تھی؟ "منت” نے راز کھول دیئے
ممبئی : اگر کسی نے اس سے پہلے بولی وڈ میں بادشاہ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان کا شاہی محل نہیں دیکھا تو ہم اسے اس شاہی محل کی سیر کراتے ہیں ، یہ شاہی گھرجسے مقامی لوگ شاہی محل کے نام سے بھی پکارتے ہیں ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں واقع ہے جو مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی توجہ کا بھی مرکز بنا رہتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ کے مداح ہمیشہ سے گوری خان کے اس خوبصورت گھر کا نظارہ دیکھنے کے خواہش مند رہے، کنگ خان کے گھر کے باہر ان کے مداحوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے جو نہ صرف اداکار سے ملاقات کرنے کے خواہش مند ہوتے بلکہ ان کا گھر بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ کنگ خان نے اپنے گھر کو ‘منت’ کا نام دیا، جو ان کے مطابق واقعی ان کی منت ہی ہے، کیوں کہ کیریئر کے آغاز میں شاہ رخ خان نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ ایک دن وہ ممبئی میں ایسا گھر بنائیں گے جو بےحد شاندار ہوگا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کا یہ گھر منت ان کی اہلیہ گوری خان نے ہی ڈیزائن کیا جو پیشے سے انٹیریئر ڈیزائنر بھی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ شاہ رخ خان نے کئی سال قبل اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شادی کے شروع کے عرصے میں انہوں نے گوری سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک دن انہیں یہ گھر تحفے میں دیں گے جسے وہ اپنی پسند سے ڈیزائن کرسکیں گی۔