پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو جیل سے اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.شہباز گل کے میڈیکل کے لئے بورڈ تشکیل دے دیا گیا،میڈیکل بورڈ میں 5 پروفیسر ڈاکٹرز شامل ہیں، پانچ شعبات سے پروفیسرز شہباز گل کا میڈیکل کریں گے،بورڈ میں پروفیسر آف سرجری ،پروفیسر آف میڈیسن،پروفیسر آف کارڈیک ،نیورو میڈیسن اور ارتھوپولک پروفیسرز شامل ہیں،،جو شہباز گل کا معائینہ کرے گی،ڈاکٹرز پمزاسپتال کا کہنا ہے کہ شہباز گل کو پہلے سے سانس کی تکلیف ہے.
پی ٹی آئی کے کارکن اور رہنما بھی پمز ہسپتال پہنچ گئے ہیں جہاں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماوں کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے لگائے جا رہے ہیں.
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کوہسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر پنجاب پولیس اور وفاقی پولیس میں ٹھن گئی تھی .تاہم پنجاب پولیس کی جانب سے رینجرز اور ایف سی کے اڈیالہ جیل پہنچنے کی اطلاعات پر شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا تھا .شہباز گل کو ایمبولینس کے ذریعے اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.
اس سے پہلے وفاقی حکومت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کیلئے ایف سی اوررینجرز کو طلب کیا گیا تھا.پنجاب پولیس کی مزید نفری کو سینڑل جیل اڈیالہ راولپنڈی پہنچایا گیا تھا،سنٹرل جیل اڈیالہ کے گیٹ نمبر پانچ کا داخلی راستہ بھی بند کر دیا گیا تھا،قبل ازین ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سیکورٹی سخت کر دی گئی تھی.ہسپتال میں موجود مریضوں اور انکے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں تھی، تحریک انصاف امن و امان خراب کرنے کی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کردیا تھا، اسلام آباد پولیس شہباز گل کو لینے اڈیالہ جیل پہنچی مگر پنجاب پولیس نے حوالے نہیں کیا جبکہ پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم بھی جیل کے باہر موجود تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سیکریٹری ہیلتھ پر شدید دباؤ تھا، عمران خان نے شہباز گل کی جعلی میڈیکل ایمرجنسی اور راولپنڈی کے اسپتال میں منتقلی کے لیے دباؤ ڈالا۔سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف شہبازگل کو جسمانی ریمانڈ پر دینے سے روکنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس جیل خانہ جات کو احکامات جاری کئے تھے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے حکم دیا تھا کہ ایمرجنسی پیدا کرکے شہباز گل کو فوری راولپنڈی کے کسی سرکاری اسپتال بھیج دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بتایا گیا تھا کہ یہ غیرقانونی ہے اور ایسا نہیں کیا جاسکتا،عمران خان نے اصرار کیا تھا کہ نتائج کچھ بھی ہو ایسا کیا جائے۔
یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نے آج شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔