شہبازشریف کا یوم الحاق پاکستان پر کشمیریوں کو خراج تحسین

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم الحاق پاکستان پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کی منزل ایک ہے، اسی لئے قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا۔ کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا۔ 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں مسلم کانفرنس کے نمائندہ اجلاس میں الحاق قراردادپاکستان متفقہ منظور کی گئی ۔کشمیریوں کی اصولی، قانونی اور جمہوری جدوجہد میں ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر اسی طرح کشمیریوں کا ہے جس طرح فلسطین فلسطینیوں کا اور انگلستان انگریزوں کا ہے۔ بھارت کے جبرواستبداد اور ظلم کے ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کے بنیادی نصب العین سے دستبردار نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، نسل در نسل کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا پہرہ دیا ہے، کشمیری اپنے لہوکے نذرانے دے کر قرارداد الحاق پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں۔ کشمیری قوم کے حوصلے، عزم واستقلال اور جرات وبہادری تاریخ کا بے مثل باب بن چکی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ رہے گا۔

Comments are closed.