لاہور:نہ جی بھرکےدیکھا نہ کچھ بات کی :بڑی آرزو تھی ملاقات کی:شہبازشریف کی آصف علی زرداری سے ملاقات بے نتیجہ ختم ،اطلاعات کے مطابق بلاول ہاؤس میں اپوزیشن رہنماؤں کی بیٹھک ختم ہو گئی، آصف زرداری سےملاقات کےبعد اپوزیشن رہنما واپس روانہ ہو گئے۔

ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے بلاول ہاؤس میں آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں احسن اقبال، راناثنااللہ، سعد رفیق شامل تھے جب کہ جے یوآئی کے اکرم درانی اور مولانااسعدنے بھی شرکت کی۔

آصف زرداری نےشہبازشریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ عشائیے میں شرکت کے بعد جےیوآئی(ف)کا وفدبھی واپس روانہ ہو گیا۔اہم ملاقات کی کوریج کے لیے شام سے ہی بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا کی ٹیمیں موجود تھیں تاہم تمام اپوزیشن رہنما میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانافضل الرحمان کی عدم موجودگی کے باعث ملاقات بےنتیجہ رہی اسی لیے تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی فائنل نہ ہوسکی۔ملاقات میں شہبازشریف کی رہائش گاہ پرکل دوبارہ بیٹھک پراتفاق کیاگیا ہے۔ کل ہونےوالی ملاقات میں مولانافضل الرحمان بھی شرکت کریں گے۔

ادھر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران کے خلاف عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کافی متحرک دکھائی دے رہی ہے اور خاص طور پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیاسی رابطوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس میں انہوں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پیپلزپارٹی سے لانک مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ الگ الگ لانک مارچ سے اپوزیشن تقسیم ہوگی۔

Shares: