شہباز گِل کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج، مقدمہ ملکی ادارے کیخلاف نفرت،اشتعال پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کیخلاف کراچی کے تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بریگیڈ تھانے میں محمد سعید نامی شہری کی مدعیت میں یہ مقدمہ ملکی ادارے کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ شہباز گل نے ادارے کے سابق سربراہ کیخلاف نفرت انگیز تقریرکی۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ شہبازگل عوام کو ادارے کے افسران کیخلاف بھڑکا رہے ہیں۔ جبکہ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز گل کے خلاف متعدد مقدمات درج ہوچکے ہیں. پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری گزشتہ سال آٹھ اگست کو نجی نیوز چینل اے آر وائی پر ملکی اداروں کے خلاف ایک بیان کے بعد عمل میں آئی تھی۔ شہباز گل کے اس بیان کے بعد نہ صرف پیمرا نے اے آر وائی کی نشریات بند کرنے کا اعلان کیا تھا بلکہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف بھی اسلام آباد میں بغاوت کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ شہباز گل کے خلاف ایسا ہی ایک مقدمہ کراچی میں بھی سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا.
مزید یہ بھی پڑھیں؛
اسلام آباد کا سب سے بڑا شاپنگ مال سینٹورس سیل
پوری نیند خواتین کو عملی زندگی میں کامیاب بنا سکتی ہے. تحقیق
ہسپانیہ ساختہ جنگی بحری جہاز ’جلالۃ الملک حائل ‘ کی شاہی بحریہ میں باضابطہ شمولیت
علاوہ ازیں اس سے قبل خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی شہباز گل پر ملک کے اداروں کے خلاف بیان پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 25 اگست کو تھانہ چھاؤنی میں درج کیا گیا مقدمہ ڈی آئی خان کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا.

Shares: