دہشتگردوں اور اسمگلروں کے مشترکہ حملے میں شہید ہونے والے اینٹی نارکوٹکس فورس کے 2 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

باغی ٹی وی : ترجمان اے این ایف کے مطابق بلوچستان کے علاقے مہراب لوگ میں دہشتگردوں اور اسمگلروں کے مشترکہ حملے میں شہید ہونے والے اینٹی نارکوٹکس فورس کے 2 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،شہید کانسٹیبل محمد کامران کو حافظ آباد موزہ کوٹھہ اتھرا، ضلع لودھراں میں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا، شہید کانسٹیبل ڈرائیور عامر نواز خان کو مردان کی تحصیل چارسدہ کے گاؤں مناسب کلے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا،

شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں اے این ایف کے اعلیٰ افسران و اہلکاروں، ان کے عزیز و اقارب،سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی
شہیدوں کا یونیفارم اور قومی پرچم ان کے اہلخانہ کو پیش کیا گیا،ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک، ہلال امتیاز ملٹری کی جانب سے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں،
شہداء کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کے لوگوں کی جانب سے شہیدوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا،جمعہ کے روز بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرنے والی ٹیم پر مہراب لوگ ایریا کے قریب 50 سے 60 دہشتگردوں نے مشترکہ حملہ کیا تھا،

اے این ایف کے جوانوں نے ساڑھے تین گھنٹے تک حملہ آوروں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں اے این ایف کے 2 جوان شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے تھے،حملہ آوروں نے راکٹ لانچر کے ذریعے اے این ایف کی دو گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ کر دی تھیں،

Shares: