شارع فیصل پر پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ، شوہر جاں بحق

کراچی: شارع فیصل پر پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو دن دیہاڑے گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا، فائرنگ سے شوہر جاں بحق جب کہ بیوی اور بھائی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، کار سوار افراد عدالت میں پیشی کے بعد گھر جا رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق شارع فیصل رازی کٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سوزوکی مرگلہ کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ ملزمان موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور فائرنگ سے جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ وسیم ولد اعجاز کے نام سے کی گئی جب کہ زخمیوں میں مقتول کی اہلیہ 28 سالہ کوثر، مقتول کا بھائی 35 سالہ نصیر اور کار ڈرائیور 55 سالہ سید منیر شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جہاں خاتون کی حالت کی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ دونوں میاں بیوی کار کی پچھلی سیٹ پر سوار تھے جب کہ مقتول کا بھائی نصیر ڈرائیور کے ہمراہ اگلی نشست پر تھا۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسمٰعیل میمن کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے مقتول وسیم نے کوثر سے پسند کی شادی کی تھی اور کار میں دیگر افراد کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد واپس اپنی رہائش گاہ اسٹیل ٹاؤن جا رہے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق خاتون نے اہل خانہ کی مخالفت کے باوجود پسند کی شادی کی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کرنے والوں میں مبینہ طور پر زخمی کوثر کا والد عزیز اور بھائی ناصر شامل ہیں جو موقع سے فرار ہیں اور ان کی گرفتاری کے بعد صورت حال مزید واضح ہو سکے گی۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے، جب کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

Comments are closed.