شاہ رخ کے فلم کے لئے کیے گئے خطرناک اسٹنٹ کی ویڈیو وائرل
اس میں کوئی شک نہیں کہ فلموں کی کامیابی کے لیے ہیرو اور ہیروئنز سمیت دیگر کاسٹ خطرناک اور نامناسب مناظر بھی شوٹ کرواتے ہیں۔
تاہم ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے کہ کوئی اداکار فلم کے محض ایک سین کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالے، لیکن بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے ایک فلمی سین کے لیے اپنی زندگی داؤ پر لگادی۔
شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلی‘ کی جانب سے حال ہی میں شاہ رخ خان کے اسٹنٹ کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی گئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ بولی وڈ کنگ نے صرف فلمی منظر کے لیے جان خطرے میں ڈالی۔
ریڈ چلی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں کوئی تفصیلات شامل نہیں کی گئیں، تاہم بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کے مطابق مذکورہ سین شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کا ہے۔
مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہ رخ خان بلند و بالا عمارت سے نیچے گرتے ہیں، تاہم نیچے زمین پر جانے سے قبل وہ لوہے کی سیخوں میں ہاتھ ڈال کر واپس اوپر آجاتے ہیں۔
ویڈیو سے صاف اندازہ ہوتا کہ مذکورہ ویڈیو کسی فلم کا سین ہے، تاہم ریڈ چلی کی جانب سے نہیں بتایا گیا کہ وہ سین کس فلم کا ہے۔
ریڈ چلی نے مذکورہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بولی وڈ، فلم، سینما اور شاہ رخ خان کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔
مذکورہ خطرناک اسٹنٹ کی ویڈیو پر شاہ رخ خان کے کئی مداحوں نے کمنٹس کیے اور ان کے اسٹنٹ کو جان کو خطرہ میں ڈالنے کے برابر قرار دیا۔
اس قبل بھی کنگ خان کی نئی فلم کی شوٹنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی سوشل میڈیا پر وائرل ان ویڈیوز میں شاہ رخ خان جیسے دکھنے والے اسٹنٹ مین ایک ٹرک پر سوار فائٹ میں مصروف ہیں جبکہ ایک اور ویڈیو میں فلم کا عملہ بھی دکھائی دے رہا ہے۔
فلم میں تیز رفتار کار اور اس کی دوسری کاروں کو ٹکر کی شوٹنگ کا فضائی منظر بھی سوشل میڈیا پر شیئر ہوا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ کی شوٹنگ کافی عرصے سے دبئی میں جاری ہے اور ان کے ساتھ اس فلم میں سلمان خان اور دپیکا پڈوکون بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’پٹھان‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ سال کے اوائل یا رواں سال کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔