پاکستان شوبز انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نےانکشاف کیا کہ جب وہ پہلی مرتبہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے ملیں تو اُنہوں نے خود کو شرمندہ محسوس کیا۔
باغی ٹی وی :سال 2017 میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم ’رئیس‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستان کے معروف ڈیزائنر اور میزبان حسن شہریار یاسن (ایچ ایس وائی) سے گفتگو کرتے ہوئے بالی وڈ کنگ کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کی دلچسپ کہانی شیئر کی۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ رئیس کی شوٹنگ کے لیے جب وہ بھارت پہنچیں تو اُن سے کہا گیا کہ کل اُن کا ایک چھوٹا سا فوٹو شوٹ ہوگا جس کے بعد فلم کی باقاعدہ شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا میں نے کہا ٹھیک ہے لیکن اس فوٹو شوٹ پر نہیں پتہ تھا کہ شاہ رخ بھی آ رہے ہیں-
اداکارہ نے بتایا کہ فوٹو شوٹ بہت زبردست چل رہا تھا کہ اُنہیں اچانک معلوم ہوا کہ شاہ رخ خان وہیں باہر موجود ہیں۔ اُنہیں پہلی مرتبہ سامنے دیکھ کر ماہرہ خان نروس ہوگئیں لیکن پھر انہوں نے خود کو شاہ رخ سے بات کرنے کے لیے تیار کیا۔
اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے بالکل بھی نہیں سوچا ہوا تھا کہ جب وہ پہلی مرتبہ اپنے پسندیدہ سپر اسٹار سے ملیں گی تو کیا بات کریں گی اسی لیےوہ بہت زیادہ نروس ہورہی تھیں اور اُن کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ اُن سے کیسے بات شروع کریں۔
ماہرہ خان کے مطابق آخر کار وہ شاہ رخ خان کے پاس چلی گئیں اور اُنہیں ’ہیلو‘ کہا جس کے جواب میں فوراً شاہ رخ خان نے اُنہیں ’السلام وعلیکم‘ کہا۔
ماہرہ خان کے مطابق اُس وقت وہ بہت شرمندہ ہو گئیں اوراسی شرمندہ آواز میں انہوں نے جواب دیا ’وعلیکم السلام‘
اداکارہ کی اس بات پر میزبان ایچ ایس وائے خوب ہنسے ماہرہ خان نے اُن سے بھی شرمندہ لہجے میں کہا کہ میرا تعلق پاکستان سے تھا، مجھےپہلے اُنہیں سلام کرنا چاہیئے تھا میں نے ایسا کیوں نہیں کیا لیکن پھر اس کے بعد انہوں نے خود ہی کہا کہ میں نے ہیلو یہ سوچ کر کہا تھا کہ یہ neutral ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ شاہ رخ بہت اچھے مہربان خوش اخلاق اور ٹھنڈے مزاج کے مالک شخص ہیں-