شیخ رشید ان ایکشن ، کراچی سے منشیات کے خاتمے کیلئے آپریشن کا اعلان کردیا

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینےکے لئے کراچی پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج نہیں لگ رہا ، ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے سندھ جل رہا ہے ، امن و امان کیلئے رینجرز اور دیگر اداروں سے بات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی آیا ہوں ،گزشتہ روز گورنرسندھ اور اسد عمر نے وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال سے آگاہ کیا ، اس حوالے سے رینجرز ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس ہوگا ، کل گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کروں گا ، کسی مشن پر نہیں آیا امن وامان صوبے کا معاملہ ہے ، ذمہ داری لیتا ہوں کراچی سے منشیات کا صفایا کروں گا ، کراچی سے منشیات کا خاتمہ کروں گا یہ میرا کام ہے ، منشیات سے متعلق ڈی جی اے این ایف سے ملاقات ہوئی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں امن وامان کی صورتحال بہترنہیں ، وزیراعظم کوحقائق پرمبنی رپورٹ پیش کروں گا ، موجودہ دورمیں کسی کواسلحہ لائسنس جاری نہیں کیاگیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کراچی پہنچ گئے ، شیخ رشید پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے ، صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیں گے ، وفاقی وزیرداخلہ کو شکارپور میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید امن وامان پر کراچی میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے ، اجلاس رینجرز ہیڈکوارٹر میں ہوگا، وزیر داخلہ کراچی اور سندھ میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے ، اس کے علاوہ وزیرداخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کل صبح 10 بجے ہوگی، ملاقات میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی گورنر سندھ سے ون آن ون ملاقات کل ہوگی۔

Comments are closed.