شام میں بشار الاسد کی پیش قدمی جاری ، جنگ سے شامی عوام کی زندگی مزید مشکلات کا شکار

0
41

شام میں بشار الاسد کی پیش قدمی جاری ، جنگ سے شامی عوام کی زندگی مزید مشکلات کا شکار

باغی ٹی وی :شام میں جنگ پھر سے اپنی تباہی مچا رہی ہے .شام میں بشار الاسد کی فوج نے ادلب اور حلب کے دیہی علاقوں میں اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بدھ کے روز تک 60 گھنٹوں سے بھی کم دورانیے میں اس نے 30 دیہات اور قصبوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔

انسانی حقوق پر نظر رکھنے والے گروپ المرصد کے مطابق بشار کی فوج نے ادلب صوبے کے جنوبی دیہی علاقے میں شامی جنگجو گروپوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد حزارين، كورہ، سحاب، ديرسنبل اور ترملا کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

اس طرح گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بشار کی فوج نے 24 دیہات پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ ان میں جبالا، معرہ ماتر، سطوح الدير، بعربو، ارينبہ، الشيخ دامس، حنتوتين، الركايا، تل النار، كفرسجنہ، الشيخ مصطفى، النقير، معرزيتا، معرہ حرمہ، ام الصير، معرہ الصين، بسقلا، حاس اور كفرنبل شامل ہیں۔

المرصد کے مطابق ادلب کے دیہی علاقے میں روسی طیاروں کی فضائی بم باری سے ترکی کے ہمنوا گروپوں کے 5 ارکان جاں بحق ہو گئے۔
اس سے قبل منگل کے روز سراقب شہر کے مغرب میں بشار کی فوج اور مسلح شامی گروپوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران بھرپور زمینی گولہ باری اور فضائی بم باری دیکھنے میں آئی۔

ترکی کی فوج اور شامی اپوزیشن گروپوں کے ذمے داران نے منگل کے روز اعلان میں کہا تھا کہ ترکی کے حمایت یافتہ گروپوں نے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں النیرب کے قصبے پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ یہ صوبے میں پیش قدمی کرنے والی بشار کی فوج سے واپس لیا جانے والا پہلا علاقہ ہے۔
واضح رہے کہ شام میں صدر بشار الاسد فوج نے ادلب میں جاری لڑائی میں پیش قدمی کرتے ہوئے اہم علاقے ادلب پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا۔ دوسری طرف شمال مشرقی شام میں اسدی فوج اور اس کی اتحادی روسی فوج کی بمباری میں کئی افراد عام شہری جاں بحق ہوگئے تھے.
شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے والے ادارے سیرین آبزر ویٹری کے مطابق جمعرات کے روز شمال مغربی شام میں متعدد مقامات پر روسی اور شامی فوج نے فضائی حملے کیے جن میں بچوں سمیت 17 شہری مارے گئے۔

Leave a reply