شارجہ کے فرمانروا شیخ سلطان بن محمد کے بیٹے شیخ خالد بن سلطان وفات پا گئے، شارجہ میں سوگ کی کیفیت

0
53

شارجہ کے فرمانروا اور اماراتی سپریم کونسل کے ممبر ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کے بیٹے شیخ خالد بن سلطان بن محمد القاسمی وفات پا گئے ہیں جس پر شارجہ کے شاہی خاندان میں‌ سوگ کی کیفیت ہے جبکہ شارجہ میں‌ رہنےو الے عوام بھی غم کی کیفیت سے دوچار ہیں.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیخ خالد بن سلطان برطانیہ میں فوت ہوئے ہیں .شارجہ میں‌ شاہی حکمران کے دربار کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ خالد بن سلطان لندن میں مقیم تھے جب رضائے الٰہی سے اُن کی زندگی اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ جواں سال شہزادہ خالد بن سلطان کی وفات پر شارجہ میں تین دِن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر تمام سرکاری عمارات پر اماراتی پرچم سرنگوں رہیں گے ۔ شہزادہ خالد بن سلطان بھری جوانی میں‌ وفات پا گئے ہیں. نوجوانی میں ہی ان کی وفات پر شارجہ میں‌ ہر کوئی غمگین ہے.

شہزادہ شیخ خالد بن سلطان کی میت کے شارجہ پہنچنے کا انتظار کیا جارہا ہے جبکہ اُن کی نمازِ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ شارجہ کے شاہی دربار کی جانب سے جاری اعلان میں شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی ، اُن کے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور مرحوم شیخ خالد کی جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دُعا بھی کی گئی ہے۔ شہزادہ خالد کی وفات کی خبر پر دیگر اماراتی ریاستوں کے فرمانرواؤں، اعلیٰ حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور ممتاز کاروباری افراد کی جانب سے انتہائی افسوس اورغم کا اظہار کیا گیا ہے،

شارجہ کے فرمانروا اور اماراتی سپریم کونسل کے ممبر ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی سے ان کے بیٹے شیخ خالد بن سلطان بن محمد القاسمی کی وفات پر اہم شخصیات اور مختلف ملکوں‌ کے سربراہان اور نمائندوں‌ کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے.

Leave a reply