شہریوں کی طرف سے ویڈیو کے ذریعے کی گئی شکایات کے ازالے کا سلسلہ شروع
ملتان ۔ 30 جولائی (اے پی پی)ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شہریوں کی طرف سے ویڈیو کے ذریعے کی گئی شکایات کے ازالے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک شہری کے ویڈیو پیغام میں کچرے اور گندگی کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سالڈ ویسٹ کمپنی کو فوری طور پر ہیڈ محمد والا روڈ سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھانے اور کچرا پھینکنے اور اسے آگ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کیں ۔ ہدایت ملنے پر کمپنی انتظامیہ نے بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے کچرا اٹھا کرگندگی سے متاثرہ جگہ کو ہموار کر دیا ہے ۔ یاد رہے کہ تنویر نانڈلہ نامی نوجوان نے ویڈیو میں نادرن بائی پاس سے ہیڈ محمد والا جانے والے روڈ پر گندگی کی شکایت کی تھی ۔ یہ وائرل ویڈیو ڈپٹی کمشنر تک پہنچی جس کا نوٹس لیا گیا ۔ شکایت کا ازالہ ہونے پر تنویر نانڈلہ نے اپنے فیس بک پیج پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔