لاہور: مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ اگر مسلمان شرعی تعلیمات پر عمل کریں تو ایک بار پھر دنیا بھر میں نمبر ون بن جائیں گے۔
باغی ٹی وی : لاہور کی بادشاہی مسجد میں عوامی اجتماع سے خطاب میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے غزہ کی صورت حال اور قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج غزہ اور دنیا بھر میں لوگ قتل ہورہے ہیں مگر مسلمان مجبور ہے کیونکہ ہم کر بھی کیا سکتے ہیں غزہ اور دنیا بھر میں قتل عام کی وجہ مسلمان کی قرآن سے دوری ہے، اگر ہم اللہ اور اس کے رسول کی تعلیمات پر عمل کرنا شروع کردیں تو ہم دنیا بھر میں ایک مرتبہ پھر نمبر ون ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ اگر آج سب سے زیادہ ضرورت ہے تو وہ قرآن کی ہے، قرآن پاک ہدایت ہے، جو لوگ شک میں ہے ان کےلئے قرآن حق کا پیغام ہے، قرآن پاک میں مظلوموں کےلئے ایک امید ہے، اس لیے میں کہتا ہوں قرآن عالمی ضرورت ہے،اللہ چاہے تو وہ انسان کے گناہوں کو معاف کرسکتا ہے، لیکن شرک کو معاف نہیں کرسکتا۔