اسلام آباد:شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کے لیے ٹکٹ جاری دیا گیا ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔
شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے کے لیے انہیں سب سے پہلے سینیٹر منتخب کروایا جائے گا جس کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انہیں سینیٹر بنوانے کے لیے ٹکٹ جاری کر دیا ہے،
ادھر اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے دستخط کے بعد ٹکٹ جاری کردیا ، وہ خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹ الیکشن لڑیں گے۔ جس کے لیے مشیر خزانہ کل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر محمد ایوب نے سینیٹر کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد انہیں وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی بنایا گیا تھا، ان کی اس سیٹ پر شوکت ترین سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے سینیٹر محمد ایوب کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہونیوالی نشست کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا، سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق سینیٹر محمد ایوب کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہونیوالی نشست پر پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 دسمبر 2021 تک ہے، 11 دسمبر کو کاغذات جمع کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری ہوگی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے چھ ماہ کے وزیر خزانہ بنایا تھا اور امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سینیٹر اسحق ڈار کی سیٹ کی ڈی نوٹیفائی کر کے ان کی جگہ شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنایا جائے گا تاہم قانونی پیچیدگیوں کے باعث انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان نہ مل سکا جس کے باعث انہیں مشیر خزانہ کا قلمدان سونپا گیا تھا۔