لندن:پاکستانی عدالتوں سے سزایافتہ شہباز شریف نے ڈیلی میل کے خلاف لندن ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کرنے کا دعویٰ کر دیا،اطلاعات کےمطابق صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈیلی میل نے میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ، ڈیلی میل اور برطانوہ صحافی ڈیوڈ روز کے خلاف لندن ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
ذرائع کےمطابق صدر ن لیگ میاں شہباز شریف نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل نے میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ،من گھڑت کہانی ڈیلی میں چھاپی گئی یا چھپوائی گئی،گزشتہ روز میرے وکلا نے ڈیلی میل اور ڈیوڈ روز کے خلاف لندن ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے،ڈیوڈ روز کے آرٹیکل میں الزامات جھوٹے اور بے بنیاد تھے ۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ڈیلی میل میں من گھڑت کہانی چھاپی گئی،معاون خصوصی شہزاد اکبر نے من و عن عمران خان کی ہدایت پر عمل کیا،کیس دائر کر دیا ہے جس سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔
شہبازشریف نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی ن لیگ کے مقابلے میں ڈلیور نہیں کر سکے ۔ہم غلط بیانی،دروغ گوئی اور الزامات لگانے میں ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے ،عمران نیازی کے ساتھیوں کا حال "چور مچائے شور” والا ہے ،الزامات میں سچائی ہوتی تو نیب نیازی گٹھ جوڑ میرے خلاف آشیانہ کیس نہ کرتا،میرے خلاف کوئی کیس ہوتا تو نیب کیس کرتا اور دنیا کو بتاتا۔
شہبازشریف نے کہا کہ میرے خلاف آرٹیکل سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے لکھا گیا، ان کے پاس ثبوت ہوتے تو کیا یہ خبریں چھپواتے،آج تک مجھے نیب کا رسمی نوٹس تک نہیں ملا،عدالت نے کہا ہے کہ نیب بتائے شہباز شریف نے کرپشن کہاں کی؟عدالت کے ریمارکس نیب کے منہ پر طمانچہ تھے۔شہزاد اکبر مجھ سے سوالات کرتے تھے آج جواب دے رہا ہوں۔نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) متحد ہے۔
خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے خبر شائع کی تھی جس کے مطابق شہباز شریف کیخلاف برطانیہ میں تفتیش شروع ہوگئی ہے اور ان پر زلزلہ متاثرین کی امداد میں خرد برد کا الزام ہے۔ 26 جولائی کو شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کو قانونی نوٹس بھیجنے کا دعویٰ بھی کیا۔ جس میں ڈیلی میل اخبار کے رپورٹر ڈیوڈ روز کو بھی فریق بنایا گیا اور ڈیوڈ روز کی خبر کو جھوٹے الزامات پر مبنی قرار دیا تھا۔بعد ازاں برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کی جانب سے متعدد بار شہباز شریف کو دعوی دائر کرنے کا چیلنج بھی کیا گیا تھا۔
دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہےکہ ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روزنے شہبازشریف کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس پرکہا ہےکہ شہبازشریف نے ایک بارپھرشعبدہ بازی دکھانے کی کوشش کی ہےاورآج کی پریس کانفرنس سے اپنی جاتی ہوئی سیاسی ساکھ کوسہارادینے کی ایک خودساختہ کہانی ہے