شیری رحمان نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو قوم سے مذاق قرار دے دیا
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو قوم سے مذاق قرار دے دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر لاک ڈاؤن کے خاتمے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا عمران خان کو علم تھا تو انہوں نے اسے ختم کیوں کیا؟
شیری رحمان نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کورونا وائرس کا پھیلاؤ روک کر انسانی زندگیاں نہیں بچا سکتی تو حکومت کا کام کیا ہے؟ عمران خان اس نازک وقت میں عوام کی زندگیاں بچانے کے بجائے شرم ناک حد تک ضد پر اڑے ہوئے ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک جانب عمران خان ہلاکتوں کی تفصیلات بتا رہے ہیں اور دوسری جانب اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ وہ کنفیوژن پھیلا کر غریب آدمی کو کورونا وائرس کا آسان شکار بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وضاحت کریں کہ کیا ٹائیگر فورس ملک میں لا انفورسمنٹ کے اداروں کا متبادل ہے؟ خود ایس او پیز کی دھجیاں اڑا کر وزیراعظم کس منہ سے عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی تلقین کر رہے ہیں؟
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتا۔ ہم کورونا کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے، ایس او پیز پر عمل کرکے ہی اس سے بچا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا ٹائیگر فورس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے رضاکاروں سے خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب تک ہم 10 لاکھ کورونا ٹائیگرز رجسٹرڈ کر چکے ہیں جو اس وبا بارے لوگوں میں شعور پیدا کرینگے۔