خیبرپختونخوا: ضم شدہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پہلی بار خاتون امیدوار عابدہ وزیر عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
باغی ٹی وی : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 40 شمالی وزیرستان سے عابدہ وزیر آزاد امیدوار ہیں، عابدہ وزیر 5 بچوں کی ماں، ایف اے پاس گھریلو خاتون ہیں جو آزاد حیثیت میں انتخابی میدان میں ہیں ان کی بڑی بیٹی اور ایک بیٹا میڈیکل کے طالب علم ہیں جبکہ ان کے شوہر نصر من اللہ ڈاکٹر اور چائلڈ اسپیشلسٹ ہیں۔
نجی خبررساں ادارے سے گفتگو میں روایتی برقع پہن کر گھر سے نکلنے والی عابدہ وزیر نے کہا کہ حلقہ این اے 40 سے منتخب ہوکر عورتوں کے حقوق، صحت مراکز کے قیام، تعلیم اور قیام امن کیلئے کام کروں گی، علاقے میں عورتوں کو درپیش مسائل کا بخوبی علم ہے اور بچیوں کی عصری و دینی علوم پر توجہ میرے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔
پیپلز پارٹی کا عوامی معاشی معاہدے کے نام سے انتخابی منشور جاری
سسرال کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ خاندان اور سسرال والے میری الیکشن مہم میں چلا رہے ہیں اور عوام سے میرے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں ، وزیرستان کے تحصیل گڑیوم، رزمک، علاقہ شیراتلہ اور آبائی گاؤں اسپلگہ میں بیشتر خواتین اور مرد انتخابات میں مجھے کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔