سرکاری ٹی وی کےمیزبان کا لائیو شو میں نامناسب رویہ، شعیب اختر نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر دیا

0
52

پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی شو کے اینکر کی جانب سے بدتمیزی کرنے پر لائیو شو میں مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی پر سابق قومی کرکٹر شعیب اختر نے حارث رؤف کی تعریف کی اور اس کا کریڈٹ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کو دیا-

سرکاری ٹی وی پر جاری ورلڈ کپ کے شو میں بحیثیت ایکسپرٹ پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمد اور سپر اسٹار شعیب اختر شامل تھے۔


ان تمام اسٹار زکی موجودگی میں شعیب اختر نے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان بولر قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے ۔

سرکاری ٹی وی کے میزبان کو قلندرز کی تعریف شاید پسند نہ آئی اور جواب میں وہ شعیب اختر سے ہی نا شائستہ رویہ اپنا بیٹھے اور انہیں شو سے اٹھ جانے کو کہہ دیا میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کی بات کو گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا جبکہ بعد میں ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر کو لائیو ٹی وی شو سے چلے جانے کا کہہ دیا ۔

تلخی پر شو کے دوران بریک لیا گیا ،بریک کے بعد شعیب اختر شو پر آئے اور لائیو شوکے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کرکے شو سے اٹھ کر چلے گئے۔


فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی شو پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر میزبان کا رویہ ناقابل برداشت تھا دنیا بھر کے لیجنڈز کے سامنے یوں شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔


ان کا کہنا تھا مجھے سمجھ نہیں آیا کہ قومی ٹی وی پر ایک اسٹار کی یوں توہین مناسب نہیں، بریک پر مجھے اندازہ ہوا کہ غیر ملکیوں کے سامنے کیا امیج جائے گا تلخی کے باوجود بھی معاملے کو سنبھالنے کی کوشش کی مگر میزبان نے اپنے رویے پر معافی نہیں مانگی جس کے بعد شو سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا ۔


سرکاری ٹی وی کے اسپورٹس شو میں شعیب اختر کے ساتھ رویے پرجہاں سابق کرکٹر نے برہمی کا اظہار کیا وہیں سوشل میڈیا صارفین نے غصے کا اظہار کیا ہے –

بعد ازاں شعیب اختر کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نعمان نیاز کا رویہ ناقابل برداشت تھا، مجھے لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ڈاکٹر نعمان نے ایسا کیوں کہا، قومی ٹی وی پر ایک اسٹار کی یوں توہین مناسب نہیں، بریک پر مجھے اندازہ ہوا کہ غیر ملکیوں کے سامنے کیا امیج جائے گا، ڈاکٹر نعمان سے کہا کہ کسی طرح معاملے کو ختم کریں۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ معاملے کو ختم کرنے کے لیے میں نے کہا کہ ہم مذاق کر رہے تھے، میں نے ڈاکٹر نعمان سے کہا کہ کہ معذرت کر لیں لیکن جب انہوں نے معذرت نہیں کی تو میں نے شو چھوڑ دیا۔شعیب اختر کا کہنا تھا میں نے معاملے کو پروگرام میں سنبھالنے کی کوشش کی مگر ڈاکٹر نعمان نے میری توہین کی، غیر ملکی اسٹارز اور قومی اسٹارز کیا سوچیں گے کہ یہ کیا ہو رہا ہے، ڈاکٹر نعمان نے معافی نہیں مانگی اس لیے میں نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر قومی ہیرو شعیب اختر کے ساتھ بد تمیزی کا ویڈیو دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا، شعیب اختر سچا ہیرو ہے اور ہمیشہ رہے گا ، مجھے یقین نہیں آ رہا کہ ڈاکٹر نعمان نے بین الاقوامی سٹار کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا ۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی نے پروگرام کے دوران پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہو گا جس میں نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ سوشل میڈیا پر نعمان نیاز کی جانب سے شعیب اختر کو براہ راست نشر ہونے والے پروگرام میں چلے جانے کا کہنے پر کافی ہنگامہ برپا ہے اور صارفین سابق فاسٹ باولر کے حق میں آگے آتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

Leave a reply