لاہور: ریٹائرمنٹ سے متعلق شعیب ملک نے خاموشی توڑ دی ،اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کاکہنا ہےکہ کبھی سوچا نہ تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10ہزار رنز کروں گا،کرکٹ انجوائےکررہا ہوں اور فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شعیب ملک نے اپنے کیرئیر کے اتار چڑھاؤ، تجربات، یادگار لمحات اور مستقبل کے ارادوں پر کھل کر بات کی۔
شعیب ملک کاکہنا تھاکہ جب آپ مرحلہ وار کرکٹ کھیل کر آتے ہیں تو کافی ساری چیزیں سیکھتے ہیں اور جب تجربہ کار ساتھی کرکٹرزکو فالو کریں اور یہ سیکھنے کی کوشش کریں کہ ان کی کارکردگی میں اتنا تسلسل کیسے ہے تو اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب آپ بلندی پر ہوتے ہیں تو سب کچھ اچھا لگتا ہے لیکن برا وقت آپ کو بہت کچھ سیکھاتا ہے کہ برے دن میں کیسے فائٹ کرنا ہے اور ان حالات سے کیسے نکلنا ہے، خود کو مثبت کیسے رکھنا ہے، ہمارے کلچر میں منفی باتیں زیادہ ہوجاتی ہیں، ایسے میں مثبت رہنا کافی ضروری ہوتا ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ کرکٹ ہمیشہ ان کا جنون رہا اور پاکستان ٹیم کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا ، 2010 سے 2015 میں دنیا بھر میں کرکٹ لیگز کھیلی، جب آپ کو لگتا ہے کہ آپ پاکستان ٹیم کے لیے کھیل سکتے ہیں لیکن موقع نہیں ملے توفرسٹریشن ہوتی ہے۔