سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے ارفع کریم آئی ٹی ٹاور کے قریب جولائی 2017 میں ہونے والے خودکش دھماکہ کے شہدا پولیس کے اہل خانہ سے اپنے دفتر سے ملاقات کی۔خودکش دھماکہ میں شہید دو سگے کانسٹیبلز بھائی عابد علی اور معظم علی،شہید کانسٹیبلز غلام مرتضیٰ،علی رضا نذیر اور عمیر غنی کی فیملیز ملاقات کرنے والوں میں شامل تھیں۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے لاہور پولیس کے شہید سب انسپکٹر منظور احمد،ہیڈ کانسٹیبل آصف اقبال،کانسٹیبلز محسن علی،محمد صدام حسین اورساجد علی کی فیملیز سے بھی ملاقات کی۔ڈی ایس پیز ریحان جمال،کاشف ڈوگر اور دیگر متعلقہ پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔
بلال صدیق کمیانہ نے ملاقات میں شہدا پولیس کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔سی سی پی او لاہور نے شہدا پولیس کے ورثا سے مسائل دریافت کئے اور حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کے شہدا نے ملک و قوم کی خاطر قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہدا پولیس کے بچوں کی تعلیم،صحت،روزگار اور دیگر معاملات کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔
سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ شہدا کی فیملیز کو سافٹ ویئر کے ذریعے رجسٹر کرکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے شہدا کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہم شہدا کو واپس تو نہیں لا سکتے تاہم ہر خوشی غمی میں اپ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے بچوں کی اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے لئے سکالر شپ جبکہ بچیوں کی شادی بیاہ کے لئے فنانشل گرانٹس بھی دے رہے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایسا کوئی دوسرا محکمہ نہیں جس کی ملک و قوم کی خاطر اتنی زیادہ قربانیاں ہوں،شہداء پولیس نے اپنا آج قربان کرکے قوم کا کل محفوظ کر دیا ہے ۔انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہدا پولیس کے ورثا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہدا پولیس کے بچوں سے اظہار شفقت کیا،ان کے ساتھ گھل مل گئے اور ان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔