عوام کوکرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے عید سے 3 روز قبل شاپنگ مالز، بازار بند کرنے کی تجویز
لاہور: عوام کوکرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے عید سے 3 روز قبل شاپنگ مالز، بازار بند کرنے کی تجویز،اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات، پنجاب حکومت نے عید سے قبل شاپنگ مالز اور بازار بند کرنے تجویز دے دی
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عید الفطر کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کے بعد اب عید الاضحی سے تین دن پہلے شاپنگ مالز اور بازار بند کرنے کی تجویز وفاق کو ارسال کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے مذکورہ تجویز عید سے قبل بازاروں میں ممکنہ رش اور کورونا ایس او پیز کومد نظر رکھتے ہوئے ارسال کی ہے تاہم حتمی فیصلہ وفاق مشاورت سے کرے گا، طبی ماہرین کی جانب سے حکومتی تجویز کو سراہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد46 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ اموات789 ہوگئیں، سرکاری ہسپتالوں کی آئسولیشن وارڈز میں101، آئی سی یو میں48 اور وینٹی لیٹر پر 26 مریض زیرعلاج ہیں۔
پرائیویٹ ہسپتالوں میں49مریض آئسولیشن وارڈز،20آئی سی یو اور 5 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں ،پنجاب بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 465 اور 2 ہزار 67 اموات ہوچکی ہیں۔