سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کاشی گینگ کے گرد اپنا گھیرا تنگ کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق، ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے پیش نظر ڈی ایس پی صدر سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ اگوکی انسپکٹر نعمان احمد نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں کاشف عرف کاشی گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان سے 25 مقدمات ٹریس ہوئے ہیں اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے، جس میں 1 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی، 4 عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ (3 عدد پسٹل 30 بور معہ متعدد گولیاں) شامل ہیں۔
گرفتار گینگ کے ملزمان کی شناخت کاشف عرف کاشی ولد محمد اسلم، سکنہ عدالت گڑھا،امیر حمزہ ولد غلام حسین، سکنہ کھنہ چک،دالدار ولد عبدالستار، سکنہ رتیاں سیداں کے ناموں سے ہوئی ہے
پولیس نے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے، اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان سے مزید برآمدگیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔