سیالکوٹ: گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین میں کلچرل ڈے منایا گیا

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض سے) گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین سیالکوٹ میں کلچرل ڈے کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل زیبا ظہور نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کالج میں تشریف لانے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد کو طالبات اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ کالج میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ طالبات کو اپنے میدان میں مزید کامیاب ہونے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔ زیبا ظہور نے مزید کہا کہ ایک تعلیم یافتہ اور کامیاب بچی مستقبل میں کامیاب بیوی اور ماں بن سکتی ہے، اس لیے ان کی غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی اہمیت دینا ضروری ہے۔

کلچرل ڈے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی سیدہ ارم شیرازی، پرنسپل لیڈی اینڈرسن سکول و کالج سیالکوٹ نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں شرکت کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی اور طالبات کو اتنا پرعزم اور پراعتماد دیکھ کر دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں دے۔

انہوں نے کلچرل ڈے کے کامیاب انعقاد پر پرنسپل زیبا ظہور اور اساتذہ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اتنے منظم اور صاف ستھرے ماحول میں اس پروگرام کا انعقاد کیا۔ سیدہ ارم شیرازی نے طالبات کو اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

Comments are closed.