سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان کے کل رقبے کے لحاظ سے جنگلات کا تناسب انتہائی کم ہے۔ پاکستان کا صرف 4.8 سے 5.7 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے، جو عالمی معیار 25 فیصد سے کہیں کم ہے۔ جس کی وجہ سے یہ خطہ شدید موسمی تغیرات کا شکار ہوگیا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کا واحد حل بھرپور شجرکاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودے لگانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر محمد اویس شاہد، انسپکٹر ماحولیات شاہد علی ڈوگر، یار محمد اور سماجی کارکن اشفاق نذر بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے مزید کہا کہ "پلانٹ فار پاکستان” کے تحت ضلع سیالکوٹ کے تمام سرکاری سکولوں، ہسپتالوں اور سرکاری اداروں میں شجرکاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی توازن کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ معیشت اور آب و ہوا کے لیے بھی اہم ہے۔