سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی ایمن آباد کا دورہ کیا اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین کی نگرانی کی۔ انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبداللہ ملک کو ہدایت کی کہ پرائس لسٹ کی بروقت مارکیٹ میں تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کو مقررہ نرخوں پر صارفین تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گراں فروشی کے سد باب کے لیے 39 پرائس مجسٹریٹس ڈیوٹی پر مامور ہیں اور رواں ماہ کے دوران 273 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پرائس ایکٹ کے تحت 52 مقدمات درج اور 118 دکانیں اور گودام سیل کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 41 لاکھ 83 ہزار 500 روپے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں ایس ڈبلیو ایم سی کے زیر نگرانی صفائی اور کوڑا اٹھانے کے آپریشن کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔