سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبزیوں کی نیلامی کے عمل اور طلب و رسد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں سبزیوں کے نرخ مقرر کروائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں قائم سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد شفاف طریقے سے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کروانا اور پرچون قیمتوں کا تعین کر کے پرائس لسٹ کا بروقت اجراء کرنا اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ پرائس لسٹ کی فوری ترسیل کو یقینی بنائیں تاکہ ہر دکاندار واضح جگہ پر پرائس لسٹ آویزاں کر سکے اور صارفین کو مقررہ داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ناجائز منافع خوروں کی دکانیں سیل کی جارہی ہیں، پرائس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروانے کے علاوہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور دکانداروں اور خوانچہ فروشوں سے مقررہ داموں پر خریداری پر اصرار کریں۔ اضافی دام ہرگز ادا نہ کریں اور شکایت کی صورت میں کنٹرول روم 9250011 پر کال کریں یا پنجاب قیمت ایپ پر اپنی شکایات درج کروائیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل رنگپورہ کا دورہ کیا اور ایس ڈبلیو ایم سی کے عملے کی حاضری چیک کی اور صفائی کے لیے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف رندھاوا بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ایس ڈبلیو ایم سی کے آپریشن ونگ کو ہدایت کی کہ بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے، چوکنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی رین اسکورڈ تشکیل دیئے جائیں جو بارش کے آغاز سے ڈیوٹی پر موجود ہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کا فوری نکاس ممکن ہو سکے۔

Shares: