سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو ) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تحصیل ڈسکہ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے نگہبان رمضان پیکج کی ڈور ٹو ڈور تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یوسی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ مستحق افراد کو ٹیلی فون کالز کے ذریعے مطلع کیا جائے اور گھروں میں جا کر بھی پے آرڈر تقسیم کیے جائیں تاکہ امدادی رقم کی فراہمی تیز کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے دورانِ دورہ عوام کو ہدایت دی کہ نگہبان رمضان پیکج کی کوئی فیس نہیں، لہٰذا پے آرڈر وصول کرتے یا کیش کرواتے وقت کسی قسم کی ادائیگی ہرگز نہ کی جائے۔ اگر کوئی شکایت ہو تو ضلع کنٹرول نمبر 9250011 یا اے سی آفس میں رپورٹ کریں، فوری ازالہ کیا جائے گا۔
مزید برآں انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈسکہ میں قائم میٹرک کے امتحانی مرکز میں فزکس کے پرچے کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ سول ہسپتال ڈسکہ کا اچانک دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کیو ڈی پی ایس سکول جیسروالہ کیمپس میں زیر تعمیر بلاک کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام میں مزید بہتری کی ہدایات دیں۔