سیالکوٹ: ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، صحت دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2024/11/dg-food.jpg)
سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور صحت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ ان کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ہیڈمرالہ میں کریک ڈاؤن کے دوران 14 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، جس میں 7 کو 1 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور بھاری مقدار میں رینسڈ آئل اور بدبودار گوشت تلف کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ چیکنگ کے دوران ٹوٹے فرش پر گندا پانی اور پروسیسنگ ایریا میں حشرات کی بہتات دیکھی گئی۔ میرج ہالز میں اشیاء کو نان فوڈ گریڈ پیپر میں رکھا پایا گیا اور ملازمین کے میڈیکلز سمیت دیگر ضروری ریکارڈ بھی غائب تھے۔
فش ہوٹلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ قوانین کے خلاف کاروبار کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کے کاروبار کرنے والوں کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے۔ پنجاب بھر میں ہر چھوٹے اور بڑے فوڈ بزنس کی چیکنگ جاری ہے اور جعلساز مافیا کو پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ ملاوٹ کا خاتمہ ان کا نصب العین ہے اور اس کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔