سیالکوٹ ، باغی ٹی وی ( بیورو چیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی بچوں کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ میں گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن کے 8 اداروں میں زیر تعلیم 812 بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔

گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف اسپیشل ایجوکیشن نیکا پورہ سیالکوٹ میں عید گفٹ تقسیم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ جسمانی معذوری کا شکار خصوصی بچوں کی نگہداشت پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطر پر ان کے لیے خصوصی تحائف بھیجے ہیں جس سے ان کی اور ان کے گھر والوں کی عید کی خوشیاں دوگنی ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے ضلع سیالکوٹ میں سرکاری سطح پر 8 ادارے کام کر رہے ہیں جہاں بچوں کو مفت تعلیم، مفت ٹرانسپورٹ اور ماہانہ وظائف بھی دیئے جاتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ان اداروں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جاتی ہے جس کا مقصد ان سکولوں میں معیار تعلیم اور ڈسپلن کو بہتر بنانا اور ان بچوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی، ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد احمد ججہ، اور ڈپٹی ڈی ای اوز محمد آصف اور افتخار احمد ساہی بھی موجود تھے۔

Shares: