سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر شاہد ریاض)سیالکوٹ کوتجاوزات اور گندگی سے پاک کرنے کیلئے 90روزہ مہم چلانے کا فیصلہ، اے ڈی سی ریونیو انسداد تجاوزات مہم اور اے ڈی سی جنرل صفائی مہم کی نگرانی کرینگے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے ریونیو افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، اے سی پسرور قمر منج، اے سی سمبڑیال احسن ممتاز، سب رجسٹرار اربن اسما خلیل، سب رجسٹرار رورل تیمور احمد اور جنرل اسسٹنٹ ریونیو عبدالحئی بھٹی بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ تجاوزات کے سدباب کیلئے چلائی جانے والی مہم کا دائرہ کار میونسپل کارپوریشن یا میونسپل کمیٹیز تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ضلع کے اہم قصبے میں مستقل اور عارضی تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا جس کی مانیٹرنگ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کرینگے اور اسی طرح صفائی مہم بھی ضلع کی سطح پر چلائی جائے گی جس کا دورانیہ 3ماہ ہوگا اور اس خصوصی مہم کی نگرانی کے فرائض ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی انجام دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ اور صفائی کی خصوصی مہمات کا مقصد ضلع میں تجاوزات کا مستقل خاتمہ کرنا ہے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو فعال بنانا ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول میسر آسکے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ فصل ربیع کیلئے ڈیجیٹل گرداواری کا ریکارڈ جلد از جلد مرتب کریں اور آبیانہ، تاوان، اسٹیمپ ڈیوٹی ، زرعی انکم ٹیکس اور انتقالات کی فیسوں، محصولات اور واجبات کی وصولی کے عمل کو تیز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی تمام جمع بندیوں کو 31دسمبر تک آن لائن کیا جائے۔

Shares: