سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے میونسپل کارپوریشن اور کمیٹیز کی حدود سے ہر قسم کی وال چاکنگ کے خاتمے اور آوارہ کتوں کے سدباب کے لیے جاری مہم کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کو منی پیٹرول پمپس اور گیس کی غیر قانونی ڈی کنڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور افسران کو حکومت پنجاب کی طے کردہ کارکردگی انڈیکیٹرز کے مطابق نتائج دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسموگ کے سدباب کے لیے غیر معیاری بھٹوں کو مسمار کرنے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کو بند کرنے کا حکم دیا۔ محکمہ ماحولیات کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ کالے دھوئیں کے اخراج والے بھٹوں کی کڑی نگرانی کریں اور انہیں فوری طور پر بند کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی نگرانی کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور جرمانے عائد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ غیر فٹ ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹی میں قائم کونسلز اور پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس کی بھی صدارت کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

Shares: